شیخوپورہ میں 8 افراد کی ہلاکت کے واقعے پر آئی جی پنجاب نے سخت ایکشن لے لیا، سنگین غفلت کے مرتکب پانچوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے اپنی انکوائری رپورٹ میں کہا ہے کہ تھانہ نارنگ کے عملے کی غفلت ثابت ہوئی ہے اور انہوں نے ملزم کے خلاف کارروائی نہ کی۔
جس کے بعد آئی جی پنجاب نے معطل اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کاحکم دیدیا، گرفتاراہلکاروں میں ایس ایچ اونارنگ عبدالوہاب،اےایس آئی محمدلطیف ، اہلکار مشتاق احمد،محمد رفیع اورمحررعمارالحسن بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل، شیخوپورہ کے نواحی گاؤں میں 8 افراد کے قتل کے افسوسناک واقعے پر وزیراعلی کی ہدایت پر ایس ایچ سمیت 5 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے لندن سے آئی جی پنجاب پولیس فیصل شاہکار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شیخوپورہ کے نواحی گاؤں میں 8 افراد کے قتل کے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کی۔
آئی جی پنجاب نے وزیراعلی کو واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بریفنگ دیں کہ ملزم فیض رسول نے تیز دھاڑ آلے اور آہنی راڈ سے سڑکوں، کھیتوں پر سوئے 8 افراد کو قتل کیا۔
جبکہ تھانہ نارنگ کے پولیس اہلکاروں نے اطلاع ملنے کے باوجود کوئی کارروائی نہ کی۔
وزیراعلی نے متعلقہ تھانے کے عملے کے خلاف بلاامتیاز ایکشن کا حکم دیتےہوئے کہا کہ ایس ایچ او اور اہلکاروں نے سنگین غفلت کا بدترین مظاہرہ کیا- ایسے ایس ایچ او اور عملے کی محکمہ پولیس میں کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلی کی ہدایت پر ایس ایچ سمیت 5 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔