سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے خواتین کو تشدد برداشت کرنے کے بجائے ایسے رشتوں سے جان چھڑانے کا مشورہ دیدیا۔
اداکارہ عتیقہ اوڈھونے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ایک نوجوان خاتون کے طور پر جسمانی اور جذباتی دونوں طرح کی زیادتیاں سہنے کے بعد میں دوسروں کو زہریلے رشتوں سے نکلنے میں مدد کرنا اپنا فرض سمجھتی ہوں،اس لیے میں یہ اس امید کےساتھ نوجوان خواتین کو مشورہ دے رہی ہوں کہ ان کی باتوں سے وہ سیکھیں گی۔
انہوں نے لکھا کہ ہر طرح کا تضحیک آموز رویہ اور تشدد ناقابل قبول ہے، چاہے ایسا کرنے والا شخص کوئی بھی ہو اور ایسا تجربہ کرنے والی خواتین کو ایسے مسائل سے نکل جانا چاہیے اور پھر انہیں واپس اس طرف مڑ کر دیکھنا بھی نہیں چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کسی کو اپنے ساتھ بدسلوکی کی اجازت دیتے ہیں تو وہ ایسا کرنے کی عادت بنالے گا اور یہ عادت وقت کے ساتھ ساتھ مزید خراب ہو جاتی ہے، بدسلوکی کرنے والا اس طرح کے رویے کا عادی ہو جاتا ہے اور کبھی باز نہیں آتا۔
عتیقہ اوڈھو نے لکھاکہ آپ کی زندگی، آپ کی ساکھ اور آپ کی عزت قیمتی ہے، اس لیے ان کی حفاظت کریں اور مضبوط بنیں، بہت سے لوگ آپ کو ایسی باتیں بتائیں گے جو آپ کے اپنے عزم کو کمزور کردیتی ہیں لیکن ان پر کبھی کان نہ دھریں، صرف اپنےحواس اور دماغ کی بات سنیں، یہاں تک کہ اپنے دل کی بھی نہ سنیں کہ وہ بہت زیادہ ڈگمگاجاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو میں کہہ رہی ہوں اس پر بھروسہ کریں، آپ بہت بہت بہتر کرسکتے ہیں ، اس لیے سمجھوتہ نہ کریں اور کسی کے لیے اپنی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔
انہوں نے نوجوان خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی سے متعلق کسی کے فیصلوں کو تسلیم نہ کریں، وہ صرف اپنے دماغ اور دل کی باتیں سنیں اور ایسے فیصلے کرکے اپنا تشخص اور عزت بحال کریں، جس سے ان کی زندگی پرسکون گزرے۔