امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اگر ٹرانسجینڈر بل میں ترمیم منظور نہ کی گئی تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
مال روڈ لاہور پر جماعت اسلامی کی جانب سے ٹرانسجینڈر بل کیخلاف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایک لابی چاہتی ہے کہ پاکستان میں ہم جنس پرستی عام ہو جائے،چاروں حکمران پارٹیوں کے اراکین نے مل کر اس بل کو پاس کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص جنس میں تبدیلی چاہتا ہے تو اس کیلئے میڈیکل بورڈ بننا چاہیے، پی ڈی ایم قانون میں ترمیم منظور کر لے ورنہ آئین اور اسلامی نظریہ بچانے کیلئے اسلام آباد کا رخ بھی کر سکتے ہیں۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کے مطابق خواجہ سراؤں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہے، حکومت اگر حقیقی معنوں میں کچھ کرنا چاہتی ہے تو انہیں گھر اور نوکریاں دینے کا بندوبست کرے۔