Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2022 02:53pm

ایف آئی اے کی سینیٹر سیف اللہ نیازی کو گرفتار کرنے کی تردید

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سینیٹر سیف اللہ نیازی کو گرفتار کرنے کی تردید کردی۔

سینیٹرسیف اللہ نیازی نے آج سینیٹ اجلاس میں شرکت کی، جس کے بعد پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی پریس کانفرنس جاری تھی کہ اطلاع ملی سینیٹر سیف اللہ نیازی کو اٹھا لیا گیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی ڈاکٹر افتخار دُرانی نے اپنے ٹوئٹ میں اطلاع دی کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینیٹ کے احاطے سے اغوا کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے بھی ان کے گھر کے اوپر حملہ کیا گیا تھا اور ذاتی سامان تحویل میں لیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے بھی ٹوئٹ میں کہا کہ ملک میں اتنی بڑی فسطائیت کبھی نازل نہیں ہوئ اس سے زیادہ توہین پارلیمنٹ کی ہونہیں سکتی، چیئرمین سینٹ غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوٹس لیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف اللہ نیازی پر“ نامنظور“ ویب سائٹ چلانے کا مبینہ الزام ہے یہ ویب سائٹ غیر قانونی فنڈ ریزنگ کے لئے استعمال کی جاتی تھی۔

دوسری جانب ترجمان ایف آئی اے نے سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سیف اللہ نیازی کی گرفتاری کی خبریں بے بنیاد ہیں، انہیں ایف آئی اے کے کسی بھی ونگ نے گرفتار نہیں کیا۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی بانی رکن حامد زمان گرفتار

ادھر ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن حامد زمان کو گرفتار کرلیا۔

انصاف ٹرسٹ کے ٹرسٹی حامد زمان کو ایف آئی اے لاہورنے گرفتار کرکے ان کے خلاف درج مقدمے میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

Read Comments