Aaj Logo

اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2022 02:20pm

فیکٹ چیک: ٹورنٹو یونیورسٹی میں کرپشن کیلئے نواز شریف کا حوالہ

سوشل میڈیا پر بدھ کی شب سے چار سکینڈ کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جو بظاہر کسی یونیورسٹی کے لیکچر ہال میں بنایا گیا ہے۔ اس کلپ کے ساتھ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی میں کرپشن پر بات ہو رہی تھی اور اس دوران سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ ایک مثال کے طور پر پیش کیا گیا۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کے حامیوں نے مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر تنقید شروع کردی ہے۔ سابق بیوروکریٹ اوریا مقبول جان نے ٹوئٹر پر لکھا ”کس قدر شرمناک بات ہے کہ کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی میں کرپشن پر لیکچر دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم کے بڑے بھائی نواز شریف کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا گیا ، وڈیو دنیا بھر میں وائرل ۔۔ حکومت پاکستان کچھ تو کرو.“

آج ڈیجٹل کی جانب سے فیکٹ چیک کے دوران معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو ان ٹوئیٹر اکاؤنٹس کی جانب سے شیئر کی گئی ہے جو اعلانیہ طور پر پی ٹی آئی کی حمایت کرتے ہیں۔

ویڈیو کسی طلب علم نے ریکارڈ کی جس کے اپنے لیپ ٹاپ کی اسکرین پر نواز شریف کی تصویر ہے۔ یہی تصویر سامنے بلیک بورڈ کے اوپر ایسے دکھائی دے رہی ہے جیسے اسے پروجیکٹر کے ذریعے وہاں پیش کیا جا رہا ہو۔

اس تصویر کے اوپر الفاظ تحریر ہیں A practical application یعنی ایک عملی استعمال۔

چار سکینڈ کے انتہائی مختصر کلپ میں لیکچر دینے والے پروفیسر ایک جملہ بھی پورا نہیں کہتے۔ ان کے الفاظ یہ ہیںI got involved in an important (میں ایک اہم (پروجیکٹ) میں شامل ہوٍا۔۔۔)۔

ویڈیو شیئر کرنے والے بعض لوگوں نے دعویٰ کیا کہ یہ کمونیکیشن پر ایک لیکچر تھا جب کہ کچھ دیگر کا کہنا تھا کہ لیکچر بائیو میڈیکل کے حوالے سے تھا۔

ٹورنٹو یونیورسٹی بائیو میڈیکل انجنیئرنگ کے حوالے سے مشہور ہے۔

لندن میں نواز شریف کے علاج میں پیچیدگیاں پیدا ہوئی تھیں اس لیے عین ممکن ہے کہ بائیومیڈیکل کے ماہرین نے ان کے کیس کو مثال کے طور پر دیکھا ہوا۔ اس بات کی تائید تصویر کے اوپر ایک عملی استعمال کے الفاظ سے بھی ہوتی ہے۔

تاہم چار سکینڈ کے اس کلپ کے ساتھ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ نواز شریف کو کرپشن کی مثال کے طور پر ٹورنٹو کی یونیورسٹی میں پڑھایا جا رہا ہے۔

Read Comments