محکمہ وائلڈ لائیف نے بدین کے ساحلی علاقے میں کارروائی کرکے فروخت کیئے جانے والے نایاب نسل کے 62 آبی پرندے برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
بدین کے ساحلی علاقے بھگڑا میمن میں محکمہ وائلڈ لائیف نے چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر شکار کرکے فروخت کیئے جانے والے 62 نایاب آبی پرندوں کو برآمد کرکے ایک شکاری کو گرفتار کرلیا، جبکہ پرندوں کو واپس جھیل پر آزاد کردیا گیا۔
اس حوالے سے وائلڈ لائف انسپیکٹر کا کہنا تھا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ضلع بدین کے ساحلی علاقوں اور مصنوعی جھیلوں پر سرد ممالک سے مہمان آبی پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، جس کے بعد شکاریوں کی جانب سے غیرقانونی شکار کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق سرد ممالک سے آنے والے آبی پرندوں کا شکار غیر قانونی ہے جس کو روکنے کے لیئے محکمہ وائلڈ لائیف کو مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔