سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سائفر گم نہیں ہوا، ماسٹر کاپی دفتر خارجہ میں موجود ہے۔
ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کے دوران عمران کا کہنا تھا کہ مریم چاہیں گی کہ سائفر گم ہوجائے کیونکہ اس سے ثابت ہوگا کہ ان کے چچا شہباز شریف اور والد نواز شریف نے امریکیوں کے ساتھ مل کر سازش کر رکے ہماری حکومت گرائی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اسحاق ڈار کو طاقتور لوگ پاکستان لائے ہیں، اسحاق ڈار کو یقین دلایا گیا کہ تمہیں کچھ نہیں ہوگا، وہ ڈیل کے بغیر نہیں آسکتا تھا۔
سابق وزیراعظم نے سیاسی مخالفین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بزدل آدمی ہے جو ملک سے باہر بھاگ گیا ہے، اسحاق ڈار نواز شریف سے بھی زیادہ بزدل آدمی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ لندن کے سب سے مہنگے علاقے میں ان کی اربوں روپے کی پراپرٹیز ہیں، مریم نواز نے کہا تھا کہ لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی میری کوئی پراپرٹی نہیں ہے۔
چیئرمین تحرک انصاف نے مزید کہا کہ میرے گھر پر تیسری بار پولیس بھیجی گئی، دھمکیاں دینے کے بجائے جیل میں ڈال دو، قوم تیار ہے جیل بھیج کر دکھاؤ۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری حکومت اس لیے ختم کی گئی کہ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی تھی، بلاول بھٹو نے مہنگائی کے خلاف مارچ کیا تھا لیکن پاکستان میں اس وقت سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔ پانچ گزشتہ مہینوں میں ملک میں پچاس سال کے بعد سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے، بجلی کی قیمت دگنی سے بھی بڑھ گئی ہے، آٹا 55 روپے کلو سے بڑھ کر 100 روپے ہوگیا، عالمی منڈی میں تیل 100 ڈالر سے 115 ڈالر پر تھا، ہمارے دور میں پٹرول کی قیمت 150 روپے لیٹر تھی، آج پیٹرول 236 روپے لیٹر پر چلا گیا، آج ڈیزل کی قیمت 250 روپے ہوگئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ اپنے کرپشن کے کیسز معاف کروا رہے ہیں، انہوں نےجو قانون بدلے ہیں اس سے طاقتور لوگ پکڑے نہیں جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈارکی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، انہوں نے 2008 سے 2018 تک چار گنا پاکستان کے قرضے بڑھائے، ملکی قرضہ چھ ہزار ارب سے 30 ہزار ارب تک چلا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ مریم اپنے داماد کیلئے بھارت سے مشینری امپورٹ کررہی ہے۔