سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کے لئے سکیورٹی رسک بن چکی ہے، عمران خان کو جھوٹے بیانیے پر سزا ملنی چاہیئے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم پر امپورٹڈ حکومت کا الزام لگانے والے کی اپنی پارٹی امپورٹڈ ہے، کیونکہ یہ پارٹی فارن فنڈنگ سے بنائی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا سازشی بیانیہ بے نقاب ہو چکا ہے، ذاتی مفاد کے لئے ملکی مفاد سے کھیلا گیا- ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ سازش سے پی ٹی آئی حکومت گرانے والا بیانیہ جھوٹا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور عمران خان کو وزیر اعظم بننے کی فکر ہے ، سیلاب کی وجہ سے فوری الیکشن ممکن نہیں، امریکہ سے ہمارے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار سے بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی درخواست کی ہے ، پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ پی ڈی ایم قیادت کرے گی، سیاست میں مائنس ون فارمولے کا قائل نہیں ہوں۔