اکیڈمی ایوارڈ میں مقابلے کی دوڑ میں پاکستانی سلیکشن کمیٹی نے صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو سرکاری طور پر نامزد کردیا ہے۔
پاکستان آسکر سلیکشن کمیٹی نے ’جوائے لینڈ‘ کو ’انٹرنیشنل فیچر فلم ایوارڈ‘ کی کیٹیگری کیلئے نامزد کیا ہے۔
کمیٹی کی چیئرپرسن شرمین عبید چنائے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اکیڈمی ایوارڈ میں مقابلے کیلئے ہم اپنی بہترین فلم کو بھیج رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جوائے لینڈ‘ ہمیں امید دلاتی ہے کہ پاکستانی سینما بالآخر عالمی اسٹیج پر اپنا مقام بنا رہا ہے۔
جوائے لینڈ کا پریمئیر رواں برس فرانس میں منعقدہ کانز فلمی میلے میں ہوا جہاں اسے شاندار پذیرائی ملی اور فلم نے کانز میلے میں دو اعزازات حاصل کئے۔
فلم ایک فکشن کہانی پر مبنی ہے جس میں ٹرانسجینڈرز کی زندگی کے واقعات کو اجاگر کیا گیا ہے جبکہ جوائے لینڈ کی کاسٹ میں علی جونیجو،راستی فاروق، علینہ خان اور ثروت گیلانی شامل ہیں۔
فلم کی ٹیم نے رواں برس جولائی میں اعلان کیا تھا کہ ’جوائے لینڈ‘ کو پاکستان میں بھی ریلیز کیا جائے گا اور اب اس کی نمائش کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔
ہدایت کار صائم صادق نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے فلم کو 18 نومبر کو پاکستان بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا۔