Aaj Logo

شائع 29 ستمبر 2022 06:54pm

پنجاب حکومت کی ”آدھی آستینوں“ پر پابندی

پنجاب میں ڈینگی کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت نے اہم فیصلے کیے ہیں، جن میں سے ایک کے مطابق پارکس اور عوامی مقامات پر آدھی آستین کی قمیض پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی زیرصدارت اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل، سرویلنس اور مانیٹرنگ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پارکس اور عوامی مقامات پر آدھی آستین کی قمیضیں پہننے پر پابندی اور ڈینگی ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اس حوالے سے ڈاکٹر اختر ملک نے گوجرانوالہ میں ڈینگی کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے اگلے 15 دن انتہائی اہم ہیں.

انہوں نے کہا کہ ہائی رسک اضلاع میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے اور محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیمیں سرویلنس تیز کریں۔

وزیر صحت نے ڈینگی کے ہاٹ سپاٹ پر فوگنگ اور لاروا کی تلفی سے متعلق رپورٹ روزانہ ڈیش بورڈ پر بھجوانے کی ہدایت بھی کردی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے کم از کم 25 اضلاع میں ڈینگی بخار پھیل چکا ہے۔

جس سے رواں سال رپورٹ ہونے والے ایسے کیسز کی کل تعداد 5 ہزار 413 ہوگئی۔

صوبے میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں سامنے آئے ہیں۔

Read Comments