مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ 25 مئی کے آزادی مارچ کے دوران ن لیگ کے ظلم و بربریت پر ٹربیونل قائم کردیا گیا ہے، پنجاب حکومت کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہی، تمام امور قانون اور انصاف کے دائرے میں رہ کر انجام دیئے جا رہے ہیں۔
اپنے بیان میں مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کے دوران غنڈہ لیگ نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کھلی دہشت گردی اور بربریت کا مظاہرہ کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 25 مئی کو فاشسزم کی انتہا کرنے والے کردار جلد گرفت میں آجائیں گے، ایک اشتہاری منی لانڈرنگ کے بے تاج بادشاہ اسحاق ڈار کو واپس لا کر سیدھا ملکی خزانے پر بٹھا دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے آڈیو لیکس آرہی ہیں کرپٹ ٹولہ بے نقاب ہوتا جا رہا ہے۔
مشیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ آزاد معاشرے میں چھوٹے چھوٹے سکینڈل پر حکومتیں چلی جاتی ہیں مگر یہاں اتنا بڑا آڈیو سکینڈل آچکا ہے، کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔