ہسپانوی عدالت نے کولمبین گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کیس میں طلب کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہسپانوی عدالت نے شکیرا کو ٹیکس فراڈ کیس میں طلب کیا ہے تاہم عدالت نے تاریخ نہیں بتائی ہے۔
جولائی میں ہسپانوی پراسیکیوٹرز نے کہا تھا کہ اس ٹیکس فراڈ کیس میں وہ شکیرا کے لیے 8 برس قید کی سزا کا مطالبہ کریں گے۔
شکیرا نے ٹیکس چوری کے معاملے پر اعتراف جرم کرنے کی پیشکش مسترد کردی تھی۔شکیرا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ مفاہمت کرنے کی بجائے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے عدالت میں پیش ہوں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال مئی میں شکیرا کی ٹیکس فراڈ کا مقدمہ ختم کرنے کی اپیل مسترد ہوگئی تھی۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ شکیرا نے سال 2012 سے 2014 کے دوران 14.5 ملین یورو کا ٹیکس ادا نہیں کیا تھا۔
انھوں نے کہا تھا کہ اس دوران شکیرا نے کیٹولینا میں رہائش اختیار کی تھی تاہم شکیرا کی جانب سے کہا گیا کہ وہ 2015 میں اسپین منتقل ہوئی تھیں اور انھوں نے ٹیکس سے متعلق تمام قواعد پورے کئے۔