اسلام آباد کی مقامی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت میں 13 اکتوبرتک توسیع کردی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج کامران بشارت مفتی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ کوہسارمیں درج مقدمے میں عبوری درخواست ضمانت پرسماعت کی۔
مقدمے کے تفتیشی آفیسر ریکارڈ سمیت عدالت پیش ہوئے، عمران خان پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کے وکیل بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے ۔
مزید پڑھیں: دفعہ 144 کی خلاف ورزی: عمران خان اور دیگر کی ضمانت میں توسیع
وکیل بابراعوان نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخوست پیش کرتے ہوئے مؤقف اپنایاکہ عمران خان لاہور میں ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع کردی۔
خیال رہےکہ عمران خان کے خلاف تھانہ کوہسار میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑکے الزام میں مقدمہ درج ہے۔