انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 63 رنز سے شکست دے کر 7 میچز پر مشتمل سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس میں انگلینڈ نے مقرر اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔
میچ کی پہلی اننگ میں انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک ناقابلِ شکست 81، بین ڈکٹ بھی بغیر اپنی وکٹ گنوائے 70 اور ول جیک 40 رنز اسکور کرکے نمایاں رہے۔ گیند بازی میں گرین شرٹس کے عثمان قادر دو جب کہ محمد حسنین ایک کھلاڑی کو شکار کرنے میں کامیاب رہے۔
انگلینڈ ٹیم کی جانب سے دیے گئے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مقرر اورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنا سکی۔
میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے شان مسعود ناقابلِ شکست 65، خوشدل شاہ 29 رنز اسکور کرکے آؤٹ ہوئے۔ بولنگ میں انگلش ٹیم کے مارک ووڈ تین، عادل راشد دو اور ریس ٹاپلی نے ایک کھلاڑی کو پویلیئن کی راہ دکھائی۔
خیال رہے کہ گزشتہ مقابلے میں پاکستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے تاریخی شکست دے کر سیریز میں برابر کردی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی بروز اتوارنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔