Aaj Logo

شائع 22 ستمبر 2022 07:16pm

صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی دھمکی

آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن نے فکسڈ ٹیکس اور تین سو سکوائر فٹ سے زائد دکانوں پر تین فیصد سیلز ٹیکس مسترد کر دیا۔

ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے کہا کہ حکومت نے 30 ستمبر تک مطالبات تسلیم نہ کئے تو یکم اکتوبر سے پاکستان بھر میں غیر معینہ مدت کیلئے شٹر ڈاؤن ہو گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز گروپ کے عہدیداروں نے کہا کہ سونے کے کاروبار سے 32 ہزار دکاندار وابستہ ہیں لیکن ٹیکسوں کی بھرمار کے باعث کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیولرز پر عائد 40 ہزار فکسڈ ٹیکس اور تین فیصد سیلز ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

جیولرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ کسی قسم کا سونا امپورٹ نہیں کرتے لہٰذا ان پر کوئی ٹیکس نہیں لگنا چاہئے، حکومت کے ساتھ متعدد بار مذاکرات کئے لیکن کوئی حل نہیں نکلا۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ ٹیکس دینا چاہتے ہیں لیکن ٹیکس وصولی کا موجودہ ظالمانہ نظام انہیں کسی صورت قبول نہیں ہے۔

Read Comments