چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے موجودہ حکومت کے خلاف ہفتے سے نئی تحریک کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنگل کا نظام کمزور کی حفاظت نہیں کرتا، انہوں نے پانچ مہینوں میں ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک انصاف کا نظام ٹھیک نہیں ہوتا معشیت ٹھیک نہیں ہو گی، مجھے قانون کی بالا دستی کیلئے وکلاء برادری کی ضرورت ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش سے آئے ڈاکوؤں نے معیشت کے ساتھ وہ کیا جو دشمن نہیں کر سکتا تھا، آج ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہے اور کسان سراپا احتجاج ہیں لیکن ان لوگوں کے اربوں روپے باہر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں ترامیم کرکے انہوں نے اپنے اوپر اربوں کے کیسسز ختم کر دئیے، روپیہ گر رہا ہے لیکن جو لندن میں بیٹھے ہیں ان کی دولت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کا وزیراعظم حساس ترین تعیناتیوں سے متعلق مشاورت کیلئے عدالتی مفرور سے ملنے لندن گیا- ہفتے سے نئی تحریک کا آغاز ہو رہا ہے، ہم اس ملک کو حقیقی طور پر آزاد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈبینک کا کہناہےپاکستان سری لنکابننےکی طرف جارہاہے، آج پاکستان میں تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے، ہم پاکستان کو اس دلدل سے نکالیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ بیرونی ملک 5 لاکھ پاکستانی سرمایہ کاری کریں تو قرض مانگنے کی ضرورت نہ پڑے۔
ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف ریلیوں کی کال
عمران خان نے آئندہ جمعہ سے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف ریلیوں کی کال دے دی۔ عمران خان نے وسطی اور جنوبی پنجاب کے صدور کو یونین کونسلز میں تنظیم سازی مکمل کرنے کا ٹاسک بھی دے دیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے وسطی اور جنوبی پنجاب کے عہدداروں اور کارکنان سے لاہور میں ملاقات کی۔ چئیرمین تحریک انصاف نے آئندہ جمعہ کو حکومت کے خلاف ملک بھر میں مہنگائی کےخلاف ریلیوں کا اعلان کیا اور تمام عہدیداروں اور کارکنوں کو متحرک ہونے کی ہدایت کی۔
پی ٹی آئی رہنما سعدیہ سہیل رانا نے بتایا کہ چئیرمین نے نئے الیکشن کی تیاریاں کیلئے ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
اجلاس میں عمران خان نے وسطی اور جنوبی پنجاب کے صدور کو یونین کونسل کی تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ احتجاجی تحریک کی کامیابی کیلئے گراس روٹ لیول تک کارکنان کا متحرک ہونا ناگزیر ہے، تنظیم مضبوط ہو گی تو کوئی بھی حکومت 25 مئی کی طرح کا واقعہ نہیں دہرا سکے گی۔
چئیرمین تحریک انصاف 24 ستمبر کو رحیم یار خان میں کارکنوں سے جبکہ 26 ستمبر کو لاہور میں تاجر کنونشن سے خطاب بھی کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی آپ کو نامعلوم نمبر سے دھمکی دے تو اسے واپس دھمکی دیں، اس کو دھمکی دیں کہ اظہار رائے کی آزادی میرا آئینی حق ہے۔