ٹیلی فون کال کے معاملے پر ایف آئی اے نے سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کو کل صبح 10بجے طلب کرلیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں قانونی کارروائی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
شوکت ترین اور وزیرخزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا کے درمیان فون کال کے معاملے پر ایف آئی سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے سابق وزیرخزانہ کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شوکت ترین کے خلاف انکوائری 15 ستمبر کو ارشد محمود کی درخواست پر تیمور جھگڑا سے فون کال کی بنیاد پر شروع کی گئی، آپ ذاتی حیثیت میں 21 ستمبر کو ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں پیش ہوں تاکہ آپ کا بیان ریکارڈ کیا جاسکے ۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اگر پیش نہ ہوئے تو اس کا مطلب ہوگا کہ آپ کے پاس دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں، عدم پیشی کی صورت میں پی پی سی 174 کے تحت قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے شوکت ترین اور تیمور جھگڑا اور پنجاب کے وزیرخزانہ محسن لغاری کی فون پر کی گئی گفتگو منظر عام پر آئی تھی جس میں سابق وزیرخزانہ مختلف اقدامات کے ذریعے وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے بارے میں بات کررہے تھے۔