دوسری جانب (ن) لیگی رہنماعطا اللہ تارڑ نے وزیراعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب کا ناکام ترین وزیراعلیٰ قرار دے دیا۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ قدرتی آفت کے باعث کروڑوں افراد بے گھر ہوگئے مگر جلسے جلوسوں میں کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں،پنجاب میں مخلوط حکومت کی نااہلی عروج ہر پہنچ چکی ہے، ہم سمجھتے تھے عثمان بزدار نا اہل تھے مگر باپ بیٹے نے تو سبھی ریکارڈ توڑ دیئے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی امدادکررہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اوران کا بیٹا کہیں نظرنہیں آرہا،پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے لیے کچھ نہیں کررہی، پنجاب میں آٹے کابحران ہے، ادویات ناپید ہوگئی ہیں، ، اسٹریٹ کرائمز ہوں یا آٹا بحران، پرویزالہیٰ قابو پانے میں ناکام ہیں۔
انہوں نےمزیدکہا کہ ق لیگ ساز باز کر کے کچھ لوگوں کو نفع پہنچا رہی ہے، صوبے میں چوری چکاری کے سوا کچھ نہیں ہو رہا، یہ پنجاب حکومت ضلع کونسل کی طرح چلارہےہیں، فرض شناس افسران پرویز الہٰی حکومت کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتے۔
عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کو پارسا ثابت کرنا چاہتے ہیں، گھڑی چور نے دبئی میں اپنے اثاثے چھپا رکھے ہیں، بتایا جائے فرح نامی خاتون کو کب پاکستان لارہے ہیں؟ ۔
لیگی رہنما عطااللہ تارڑ نے سوال کیا کہ اگرآپ کادامن صاف ہےلوگوں کوپاکستان کیوں نہیں لارہے؟۔
سیشن عدالت لاہور نے عطااللہ تارڑ کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی
لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ کی عبوری ضمانت کی توثیق جبکہ 11اراکین اسمبلی کی عبوری ضمانت میں 20 ستمبر تک توسیع کردی۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج یاسین سوہل نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ سمیت 11اراکین اسمبلی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج مقدمات کی سماعت کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ اپوزیشن کی آواز دبانے کے لیے مقدمہ درج کیا گیا، غلط اقدام پر اسمبلی میں آواز اٹھانا ہمارا حق ہے، تمام اراکین اسمبلی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کے وکیل نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے مؤکل اس جرم میں شریک نہیں، پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمے میں نامزد کیا ہے،کیس میں عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد عطا اللہ تارڑ کی عبوری ضمانت کی توثیق کرتے ہوئے 50ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے 11اراکین اسمبلی کی عبوری ضمانت میں 20 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔