ملک بھر میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم کا آج سے آغاز ہوگیا، 5 سے 11 سال تک کے بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔
نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آج سے کورونا ویکسی نیشن کی نئی مہم کا آغاز ہوگیا۔
مہم کے دوران 5 سے11سال کی عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ مہم کا مقصد بچوں کو کورونا وبا سے محفوظ رکھنا ہے، ویکسین تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر مفت فراہم کی جائے گی، بچوں کی کورونا ویکسی نیشن مہم 6 روزجاری رہےگی۔
پنجاب کے 5 ہائی رسک اضلاع میں بچوں کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز
دوسری جانب پنجاب کے 5 ہائی رسک اضلاع میں بچوں کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔
انسداد کورونا مہم کے تحت پنجاب حکومت نے بچوں کو ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا ،لاہور کے گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری ا سکول میں مہم کا افتتاح ہوا جہاں 5سے 11سال کی عمر کے بچوں کو ویکسین لگائی گئی۔
صوبائی وزیر صحت اختر ملک کا کہنا ہے کہ 5 سے 11 سال کی عمر کے 48 لاکھ بچوں کو بیماری سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائی جا رہی ہے، والدین بھی اس مہم میں تعاون کریں۔
والدین بچوں کو ویکسین لگوانے سے انکار کر رہے ہیں جبکہ پرائیویٹ سکول انتظامیہ کہتی ہے کہ والدین کو صرف آگاہ کیا جائے گا، زبردستی نہیں کریں گے۔
24 ستمبر تک یہ مہم لاہور، اوکاڑہ، بہاولپور، ملتان اور راولپنڈی میں جاری رہے گی جبکہ جنوری سے پنجاب بھر میں مہم کا آغاز ہوگا۔