Aaj Logo

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2022 11:12am

‘ضمانت پر مفرور 3 رشتے دار پاکستانی عوام کے مستقبل کا لندن میں فیصلہ کریں گے’

**سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عدالتی ضمانت پر مفرور 3 رشتے دار پاکستانی عوام کے مستقبل کا لندن میں فیصلہ کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ 3 رشتے دار عدالتی ضمانتوں پر مفرور 24 کروڑ پاکستانیوں کے مستقبل کا لندن میں فیصلہ کریں گے، خرم دستگیر کہتے ہیں قومی سلامتی کے اداروں کے مستقبل کا فیصلہ بھی لندن میں یہی کریں گے، کسی مسلم لیگی لیڈر کو اس میٹنگ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ دھوم سے نکلے گا، نواز شریف پاکستان آنے سے گھبرائیں گے۔

شیخ رشید کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا کہ 150 روپے کلو نایاب آٹا خریدنے والے ریاست اور سیاست سے مایوس ہوگئے، جس اتحادی نے عمران خان کی حکومت کو چھرا گھونپا وہ عوامی حمایت سے محروم ہوگئے۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ افغانستان کی کرنسی بھی پاکستان سے بہتر ہوگئی ہے، بلاول کو ملک چھوڑنے کا بہانہ چاہیئے، 70غیر آئینی وزراء کےخلاف ہائیکورٹ جارہا ہوں۔

Read Comments