کراچی میں بجلی کے بل میں کے ایم سی ٹیکس لگانے پر شہریوں کا سخت ردعمل سامنے آنے لگا ، ایک شہری نے احتجاجاً کے الیکٹرک کی گاڑی میں کچرا پھینک دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کے الیکٹرک کی گاڑی علاقے میں پہنچتی ہے جہاں ایک شہری کچرا دان سے کچرے کا شاپر اٹھا کر کے الیکٹرک کی گاڑی میں ڈالنا شروع کر دیتا ہے، اس دوران کے الیکٹرک کا گاڑی انچارج نیچے اتر کر اس شہری سے بات چیت کرتا ہے مگر شہری کچرا گاڑی میں بھرتا رہتا ہے۔
تھوڑی دیر بعد کے الیکٹرک کے ملازم گاڑی لے کر بھاگ جاتے ہیں۔
شہرِ قائد کے باسیوں نے احتجاجاً کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنے کی مہم شروع کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ مہم زور پکڑ رہی ہے کہ شہری حکومت کا ٹیکس اگر کے الیکٹرک وصول کرے گی تو گھروں، گلیوں اور محلوں میں کچرا اٹھانے کیلئے کے ایم سی والوں کے نہ آنے پر شہری یہ کچرا اردگرد گزرتی کے الیکٹرک کی کسی بھی گاڑی میں ڈال دیں، اگر گاڑی نہ ملے تو پوری گلی کا کوڑا جمع کرکے قریبی کے الیکٹرک سینٹر کے باہر چھوڑ دیں، کیونکہ اگر کے ایم سی کا بل کے الیکٹرک وصول کرے گی تو کچرا بھی کے الیکٹرک کے ذریعے ہی اٹھایا جانا چاہیے۔