وزیراعظم شہباز شریف کل بروز 15 ستمبر دو روزہ دورے پر ازبکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف ازبک صدر شوکت مرزیوئیف کی دعوت پر 15 اور 16 ستمبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کونسل کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان اور مبصر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ساتھ ایس سی او تنظیموں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کونسل کے اجلاس میں رہنما اہم عالمی اور علاقائی مسائل پر غور کریں گے۔سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیر اعظم سائیڈ لائنز پر دیگر شریک رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم جنوبی اور وسطی ایشیا میں پھیلی ایک بڑی بین علاقائی تنظیم ہے جہاں پاکستان 2017 میں ایس سی او کا مکمل رکن بننے کے بعد سے اپنی شرکت کے ذریعے تنظیم کے بنیادی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔