خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے تھانہ نورنگ کے حدود تختی خیل میں کئے گئے مشترکہ آپریشن کے دوران چار مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق انفارمیشن ملی تھی کہ تھانہ نورنگ کے حدود علاقہ تختی خیل میں دہشت گرد موجود ہیں اور دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
پولیس کی بھاری نفری نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز کے ہمراہ علاقے کو گھیرے میں لے کر مشترکہ آپریشن شروع کیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت جاری ہے، جبکہ ان کے قبضے سے خود کار ہتھیار بھی برآمد ہوئے، دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیےعلاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔