وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی “کال” کے بیان کو گیدڑ بھبکی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب سیلاب کی وجہ سے لوگ پہلے سے ہی سڑکوں پر ہیں، آپ اندھے اور بہرے ہو چکے ہیں، الیکشن زبردستی، رونے، چیخنے اور پیٹنے سے نہیں بلکہ 2023ء میں ہوگا۔
عمران خان کے “دھمکی آمیز بیان” پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ لگتا ہے کہ عمران خان کے کان نہیں کھلے، عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن 2023ء میں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب میں ڈوبے ہوئے ملک کی حالت دیکھیں، مگریہ سب عمران خان کو اس لیے نظر نہیں آتا کہ وہ اپنی زہریلی انا میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران صاحب لاڈلہ بن کر “زور زبردستی” کی آپ کو عادت ہو گئی ہے، عادت بدل لیں، وقت بدل چکا ہے۔ قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا، پھر آپ چیخیں گے، روئیں گے اور پیٹیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسئلہ صرف یہ ہے عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے، عمران خان اور اہل وعیال کی لوٹ مار اور ڈاکے کی پوری حقیقت قانون کے سامنے آ چکی ہے، عوام کو عمران خان کے فارن ایجنٹ ہونے اور خیرات کے پیسے ذاتی خرچ کے لئے استعمال کرنے والے عمران خان کا پتہ چل چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک چلانے والا امریکا میں سی آئی اے کے سابق چیف کے ذریعے اپنے حق میں تحریک چلوا رہا ہے، اربوں روپے فتنہ اورانتشار پرخرچ کرنے والوں کی باتیں ایسی ہی ہوتی ہیں، شہدا کے خلاف گھٹیا مہم چلانے والوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تضحیک، عدالتوں کو دھمکی لگانے والے کی کال پر عوام نہیں آتی، شہدا کے خلاف مہم چلانے، ملک کو سری لنکا بنانے کی سازش کرنے والے کی کال عوام نہیں سنتی، عمران خان سیلاب زدگان پر چار آنے لگانے کو تیار نہیں جبکہ ذاتی تشہیر کے لئے جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔