نیویارک کے گورنر نے ریاست بھر میں پولیو کیسز کے شواہد سامنے آنے پر ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ نیویارک شہر اور چار ملحقہ علاقوں میں سیوریج پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس مثبت آیا ہے جو فالج کا سبب بن سکتا ہے۔
اگرچہ اب تک صرف ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے، لیکن یہ تقریباً ایک دہائی میں ملک میں پہلا کیس رپورٹ ہوا۔
امریکہ نے 1955 شروع ہونے والی ویکسینیشن کے ذریعے پولیو کو بڑی حد تک ختم کردیا تھا، 1979 تک امریکہ کو پولیو سے پاک قرار دے دیا گیا تھا۔
لیکن نیویارک کے حکام کے مطابق ریاست کے کچھ حصوں میں ویکسینیشن کی شرح بہت کم ہے، ہنگامی اعلان کا مقصد حفاظتی ٹیکوں کی شرح کو بڑھانا ہے۔
نیویارک کے محکمہ صحت نے کہا کہ اس کا مقصد ویکسینیشن کی شرح کو ریاست بھر میں موجودہ اوسط 79 فیصد سے بڑھا کر 90 فیصد سے اوپر کرنا ہے۔
ہیلتھ کمشنر ڈاکٹر میری نے کہا، “فالج کے شکار پولیو کے ہر ایک کیس میں سینکڑوں دوسرے لوگ متاثر ہوسکتے ہیں”۔