نائب صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف کوئی فیصلہ آیا تو پاکستان مزید سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا، پی ڈی ایم نے اپنی شکست دیکھتے ہوئے الیکشن ملتوی کرائے۔
ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کوئی کھچڑی پک رہی ہے یہ ایسے ہی سب کچھ نہیں ہو رہا، مائنس ون کے فارمولے ہمیشہ ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج بہت پروفیشنل اور ان میں تعیناتیوں کا ایک منظم و آئینی طریقے کار موجود ہے۔ عمران خان بھی افواج پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھٹو اور نواز شریف کو مائنس نہیں کیا جا سکا تو عمران خان کو بھی نہیں کیا جاسکتا، لوٹوں کی شکست سے وہ مائنس کے بجائے پلس ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو انٹرن شپ پر ہیں، وہ وزارت خارجہ کے دفتر جاتے ہیں نہ فائلیں پڑھتے ہیں، وہ ہیلی کاپٹر سے نیچے اتریں گے تو انہیں سندھ کے مسائل نظر آئیں گے۔