پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپربیٹرمحمد رضوان ٹی20کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی، جس کے مطابق رضوان نے پاکستان کے کپتان بابراعظم کی جگہ آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔
ایشیا کپ میں ناقص پرفارنس کے باعث بابر اعظم کو ٹی 20 کی پہلی پوزیشن سے ہاتھ دھونا پڑگئے، جس کے بعد وہ دوسرے نمبر پر چلے گئے، پاکستانی کپتان 1155 دنوں تک ٹی 20 کے نمبر ون بلے باز رہے۔
A new No.1 👀
— ICC (@ICC) September 7, 2022
Pakistan skipper Babar Azam has been dethroned at the top of the @MRFWorldwide ICC Men's T20I Player Rankings for batters👇https://t.co/Uz4IN73bj8
ایشیا کپ کی تین اننگز میں بڑا اسکور نہ کرنے پر بابر اعظم کے رینکنگ پوائنٹس 810 سے 794 ہو گئے۔
انہوں نے ایشیا کپ میں اب تک تین میچز میں 10، 9 اور 14 رنز بنائے ہیں۔
اس کے علاوہ جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم ٹی 20 رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آ گئے جبکہ بھارت کے سوریا کمار یاد چوتھے نمبر پر چلے گئے۔
اسی طرح بولنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ سرفہرست ہیں، جنوبی افریقا کے تبریز شمشی دوسرے، انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ کوئی پاکستانی بولر ٹاپ ٹین میں شامل نہیں جبکہ شاداب خان 14 ویں اور شاہین شاہ آفریدی کا 15 واں نمبر ہے۔
آل راونڈرز کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی نے پہلی پوزیشن پر اپنی حکمرانی برقرار رکھی ہے، ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔
یاد رہے کہ محمدرضوان ایشیاکپ کے ٹاپ اسکورر ہیں، انہوں نے اب تک کھیلے گئے 3 میچوں میں سب سے زیادہ 192 رنز اسکور کیے، جس میں 2 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بھارت کیخلاف 71 اور ہانگ کانگ کیخلاف 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔
اس کے علاوہ ایشیا کپ سے قبل آؤٹ آف فارم رہنے والے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی 155 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔