کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دئیے۔
توشہ خانے میں جمع کرائے گئے ان تحائف کی مالیت 27 کروڑ روپے ہےجو وزیراعظم کو خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے تھے ، تحائف میں ہیرے جَڑی دو قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں۔
تحائف میں شامل ایک گھڑی کی مالیت 10 کروڑ اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ بتائی گئی ہے، اس کے علاوہ وزیراعظم نے قیمتی قلم، انگوٹھی، ‘کف لنک’ (بٹن) اور خوشبو کے تمام تحائف توشہ خانے میں جمع کرائے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تحائف عوام کو دکھانے کا اہتمام کیا جائے تاکہ دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے عوام آگاہ ہوں، اس مقصد کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں جگہ بھی مختص کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف بطور وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر10 سال کی مدت کے دوران ملنے والے تمام غیرملکی تحائف توشہ خانے میں جمع کرواتے رہے ہیں۔