ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کارياں جارى ہیں،جس کے باعث مزید 24 افراد جاں بحق ہوگئے، اموات کى مجموعی تعداد 1314 ہوگئی۔
نيشنل ڈيزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹى (این ڈی ایم اے) نے حاليہ بارشوں اور سیلاب میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جارى کردی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب نے 24 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد ملک بھر میں 14 جون سے اب تک 1314 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 585مرد ،262 خواتين اور 458 بچے شامل ہیں۔
بارشوں اور سیلاب کے باعث سب سے زیادہ اموات سندھ میں 511، بلوچستان میں 260 اور خیبرپختونخوا میں 289 رپورٹ ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹے میں مزيد 115 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں ملک بھر سے کل زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 12703 بتائی گئی ہے،جن میں سندھ سرفہرست ہے، جہاں زخمی افراد کی تعداد8321 رپورٹ ہوئى۔
سیلاب کے دوران ملک بھر کے 5 لاکھ 57 ہزار 891 گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ 11 لاکھ 24 ہزار 835 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلاب کے باعث ملک بھر میں 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد مويشيوں اور 246 پلوں کو نقصان ہوا۔
حاليہ بارشوں اور سيلاب کے باعث 5735 کلو ميٹر پر مشتمل سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔