کوئٹہ : وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف مزدوروں کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف بلوچستان کےسیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے سیلاب سےتباہ پنجرہ پل کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کو ضلعی کچھی میں سیلا ب متاثرہ روڈ اور ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں شہباز شریف کو بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، انفراسٹر کچر کی بحالی میں پہلے سے بھی بہتر کام کریں گے، پل کی تعمیر کیلیے غیرملکی ماہرین سے مدد لی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے انفراسٹرکچر کی بحالی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انجینئرز اور حکام نے جو کام کیا وہ قابل تحسین ہے،سیلاب سے پورے ملک میں تباہی ہوئی ہے، سیلاب سے 1300 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ اور اس کے بعد بلوچستان متاثر ہوئے، لوگوں کے مال مویشی بہہ گئے اور فصلیں تباہ ہو گئیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم اس وقت متحد ہے، بحالی کا کام قومی خدمت ہے ، خدمت کرنے والوں کو قوم دعائیں دے گی،انفراسٹرکچر کی بحالی میں مصروف عملہ قوم کی خدمت کررہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگوں نے محنت کی انہیں شاباش دیتا ہوں اور متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ چند دنوں بعد میں ایک بار پھر فضائی جائزہ لوں گا اور امید ہے تمام امور احسن انداز سے مکمل ہوں گے۔
وزیراعظم کا پنجرہ پل کے بعد بی بی نانی پل کا دورہ
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف پنجرہ پل کا دورہ کرنے کے بعد بی بی نانی پل پہنچے جہاں انہیں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پل وزیراعظم کی کوششوں سے جلد مکمل ہوا،پل کی بحالی کیلئےدن رات کام کرناقابل تحسین ہے،خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کےشکرگزارہیں۔
وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے بھی مزدوروں کیلئے انعامی رقم کا اعلان کیا۔
جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ وزیراعظم نےبروقت اقدامات اٹھائے،تمام اداروں نے وزیراعظم کی ہدایت پرعمل کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے بی بی نانی پل بہہ گیا تھا، پل بہنے سے6 ہزار افراد محسور ہوگئے تھے، پل کی بحالی پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سکھر سے کوئٹہ تک ٹریفک بحال ہوگئی ہے، پل کی بحالی کیلئے مزدوروں نے دن رات کام کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بحالی کے کاموں میں مصروف مزدوروں کیلئے10لاکھ روپےکااعلان کرتاہوں۔
سیلاب کی تباہی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہو رہے ہیں، شہباز شریف
ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سیلاب کی تباہی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہو رہے ہیں اور بدقسمتی سے 400 بچے جاں بحق ہوئے جو مجموعی ہلاکتوں کی ایک تہائی تعداد بنتی ہے۔
As Pakistan battles one of the worst climate-induced calamities, among the most adversely affected are children. With over 400 dead, they make up one third of overall death toll. Now they are at even greater risk of water-borne diseases.UNICEF & other global agencies should help.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 4, 2022
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا نشانہ بننے والے بچوں کی جان بچانے کیلئے ‘یونیسیف’ اور دیگر عالمی اداروں سے مدد کی اپیل کرتا ہوں۔