Aaj Logo

شائع 01 ستمبر 2022 05:22pm

حیدرآباد: دادو کے سیلاب متاثرین نے وحدت کالونی میں کیمپس قائم کرلیے

سندھ بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، کئی اضلاع زیر آب آچکے ہیں، لوگوں کے گھر اور فصلیں بھی تباہ ہوچکی ہیں۔

سیلابی صورت حال سے ضلع دادو بھی شدید متاثر ہوا ہے، جہاں ہزاروں کی تعداد میں سیلاب متاثرین نے نقل مکانی کرکے حیدرآباد کے ریلیف کیمپس میں پناہ لے رکھی ہے۔

حیدرآباد کی وحدت کالونی میں قائم ریلیف کیمپ میں متاثرہ افراد اسکولوں کے برآمدوں اور صحن میں زندگی کے دن گزار رہے ہیں، کیوں کہ انتظامیہ انہیں کلاسز کے کمرے نہیں دے رہی۔

کیمپ میں متاثرین کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر لالہ نے بتایا کہ متاثرین کی جسمانی بیماریوں کے ساتھ ساتھ ان کی نفسیاتی اور ذہنی بحالی بھی بہت ضروری ہے۔

دوسری جانب سیلاب متاثرین کے لیے فلاحی تنظیمیں بھی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے بھی سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ وہ اپنے یہ مشکل دن بہتر انداز میں گزار سکیں۔

Read Comments