پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کے باعث برطانیہ نے امدادی سرگرمیوں کے لیے 1.5 ملین پاؤنڈز کا اعلان کر دیا۔
برطانوی ہائی کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ اس قدرتی آفت کے مقابلے کے لئے برطانیہ امدادی سرگرمیوں کی مد میں 1.5 ملین پاؤنڈز امداد فراہم کرے گا۔
برطانوی ہائی کمیشن نے کہا کہ پاکستان میں 7 لاکھ گھر تباہ ہو گئے ہیں، مون سون کی شدید بارشوں نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، ملک کے جنوب میں سیلاب سے کم از کم 900 افراد کی ہلاکت کے بعد برطانیہ پاکستان کو فوری امداد فراہم کر رہا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان میں آفت کے باعث ضروریات کا جائزہ لے رہا ہے، توقع ہے کہ منگل کو اقوام متحدہ کی اپیل شروع کی جائے گی۔
اس ضمن میں نمائندہ خصوصی برائے برطانوی وزیراعظم لارڈ طارق احمد نے کہا کہ ہم پاکستانی حکام کے ساتھ بھی براہ راست کام کر رہے ہیں، برطانیہ فوری مدد کے لیے پاکستان کو 1.5 ملین پاؤنڈ تک فراہم کر رہا ہے۔