Aaj Logo

شائع 27 اگست 2022 06:29pm

عمران خان کیخلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت کیلئے 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے لئے چیف جسٹس اسلام ہائیکورٹ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ کی چھٹیوں سے واپسی پر نیا لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے جس کی سربراہی وہ خود کریں گے جب کہ جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس بابر ستار اور جسٹس طارق محمود جہانگیری بھی لارجر بینچ میں شامل ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے ابتدائی سماعت میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون کو سننے کے بعد عمران خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور تین رکنی لارجر بینچ میں مزید ججز کو بینچ میں شامل کرنے کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا تھا۔

رجسٹرار آفس کی جانب سے عمران خان کو بنی گالہ کی رہائش گاہ پر توہین عدالت کا شوکاز نوٹس ارسال کیا جا چکا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 31 اگست کو پیش ہوکر بتائیں کہ ان کے خلاف توہین عدالت کارروائی کی کیوں نہ کی جائے۔

خیال رہے کہ رجسٹرار آفس کے نوٹ پر عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا۔

Read Comments