اسلام آباد: شدید بارشیں اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وزارت داخلہ چاروں صوبوں میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ نے شدید بارشوں اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر سویلین حکومت کی مدد کے لئے چاروں صوبوں میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو حتمی منظوری کے لئے بھجوا دی گئی ہے، چاروں صوبائی حکومتوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کرنے کی ریکوزیشن وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی تھی۔
اس ضمن میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سویلین حکومت کی ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشنز میں مدد کے لئے پاک افوج کی تعیناتی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو چاروں صوبوں کے سیلاب سے آفت زدہ علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے، حکومت پنجاب نے ڈیرہ غازی خان ضلع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک افواج تعینات کی ریکوزیشن کی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخواہ نے ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کی ریکوزیشن کی ہے، حکومت بلوچستان نے نصیر آباد، جھل مگسی، صحبت پور، جعفر آباد اور لسبیلہ اضلاع میں فوج کی تعیناتی کے لئے ریکوزییشن کی ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے سیلابی علاقوں میں صوبائی حکومت کی مدد کے لئے فوج تعینات کرنے کی ریکوزیشن وزارت داخلہ کو بھیجی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم سے سیلاب کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔