ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک بار پھر ٹکرانے کو تیار ہیں، اس ایونٹ میں شاہینوں نے بھارتیوں کو اب تک کتنی مرتبہ شکست دی ؟۔
ایشیا کپ ٹی20 ٹورنامنٹ کا میلہ کل سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سجے گا، جس میں پاکستان سمیت 6ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، افتتاحی میچ سری لنکا اور افغانستان کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔
گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 28 اگست بروز (اتوار) کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلیں گے، جو دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شام 7 بجے شروع ہوگا۔
اس سے قبل ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جاتا رہا ہے اور یہ دوسرا موقع ہے جب ایشیاکپ کو ٹی 20 فارمیٹ تک محدود کیا گیا ہو۔
قبل ازیں ایشیا کپ 2016 میں مختصر فارمیت میں کھیلا گیا تھا، ٹورنامنٹ کا انعقاد بنگلہ دیش میں ہوا تھا ، جس میں پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف 83 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یہ ہدف بھارتی ٹیم نے 15 ویں اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔
2018 میں کھیلے گئے ایشیاکپ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8وکٹوں اور سپر فور میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جس کے بعد وہ بنگلادیش کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتح قرار پایا تھا۔
1984 سے اب تک کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں 14 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سال 1997 میں ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا،باقی 13میچوں میں سے 8میچز بھارت کے نام رہے جبکہ پاکستان نے 5 میچوں میں فتح حاصل کی۔
پاک بھارت مقابلوں کے نتائج:
1984 ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 54 رنز سے شکست دی۔
1988 ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔
1995 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو 97 رنز سے ہرایا۔
1997 ایشیا کپ: بارش کی وجہ سے میچ منسوخ کر دیا گیا۔
2000 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو 44 رنز سے شکست دی۔
2004 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو 59 رنز سے شکست سے دوچار کیا۔
2008 ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو گروپ مرحلے میں 6 وکٹوں سے ہرایا۔
2008ایشیا کپ: پاکستان نے سپر فور مرحلے میں بھارت کو 8وکٹوں سے شکست دی۔
ایشیا کپ 2010: بھارت نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔
ایشیا کپ 2012: بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرایا۔
ایشیا کپ 2014: پاکستان نے بھارت کو 1 وکٹ سے دھول چٹائی۔
ایشیا کپ 2016: بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔
ایشیا کپ 2018: 19ستمبر کو بھارت نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔
ایشیا کپ 2018 : 23 ستمبر کو بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کو 9 وکٹوں سے ہرایا۔
سب سے زیادہ کون سی ٹیم ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتی؟
پاکستان اور بھارت میں سے کون سی ٹیم اب تک کھیلے گئے ایشیا کپ میں سب سے زیادہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی ؟۔
بھارت (7 بار)
پاکستان (2بار)
سری لنکا (5 بار)
دیکھا جائے تو بھارت کا اس لسٹ میں پہلا نمبر ہے اس نے اب تک (1984)، (1988)، (91/1990)، (1995)،(2010)،(2016)(2018)میں ایشیا کپ کاٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان کا اس لسٹ میں تیسرا نمبر ہے قومی ٹیم اب تک (2000) اور (2012) میں ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب رہا جبکہ سری لنکا اب تک 5 مرتبہ ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھاچکا ہے۔
ایشیا کپ ٹی20: پاک بھارت ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ملاقاتیں
ایشیا کپ ٹی20 میں پاک بھارت ٹاکرے سے پہلے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ملاقاتیں جاری ہیں۔
گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی سے ملاقات کی۔
ویرات کوہلی، شریاس ایر، یوزویندرا چاہل اور کے ایل راہول نے شاہین شاہ آفریدی سے ان کی فٹنس کے بارے میں پوچھا اورنیک خواہشات کا اظہارکیا۔
دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے درمیان بھی خوشگوار ملاقات ہوئی جبکہ گزشتہ روز بابر اعظم اور کوہلی کی ملاقات کو دنیا بھر کے کرکٹ فینز نے سراہا تھا۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے فاسٹ بولروسیم جونیئرٹریننگ کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے، ایم آرآئی اسکین رپورٹ آج شام کوآئے گی۔