Aaj Logo

شائع 25 اگست 2022 11:02pm

کیا سونالی فوگاٹ کو قتل کیا گیا؟ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

بھارتی اداکارہ اور سیاست دان سونالی فوگاٹ کے پوسٹ مارٹم میں زخموں کے واضح نشانات کے بعد گوا پولیس نے قتل کی ایف آئی آر درج کرلی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ فوگاٹ کے بھائی کی شکایت کے بعد قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس سونالی کی موت کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

سونالی فوگاٹ کا پوسٹ مارٹم آج ان کے اہل خانہ کی رضامندی کے بعد کیا گیا،سونالی فوگاٹ کے پوسٹ مارٹم میں ان کے جسم پر زخم کے نشانات پائے گئے۔

انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے فوگاٹ کے بھتیجے مونیندر فوگاٹ نے کہا کہ ہم نے پولیس کو اجازت دی ہے کیونکہ ہمارے وکلاء اور ڈاکٹروں نے مشورہ دیا تھا کہ 72 گھنٹے بعد جسم مزید خراب ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ڈاکٹروں کا ایک پینل پوسٹ مارٹم کو دیکھے گا اور اس کی ویڈیو گرافی بھی کی جائے گی۔

اس سے قبل سونالی کے بھائی نے پولیس کو درخواست جمع کرائی تھی جس میں اداکارہ کے سیکرٹری سدھیر اور ان کے دوست سکھویندر پر بہن سے زیادتی اور زہر دیکر قتل کیے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اداکارہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کی بہن کی موت نہیں ہوئی اسے قتل کیا گیا ہے۔

اداکارہ کے بھائی وطن ڈھاکا نے درخواست میں موقف اختیارکرتے ہوئے کہا کہ سونالی کے سیکرٹری نے تین سال قبل کھانے میں نشہ آور چیز ملا کر ریپ کیا تھا اور اس کی ویڈیوز بھی بنائی تھیں جس کے بعد بہن کا سیکرٹری ان ویڈیوز کے ذریعے سونالی کو بلیک میل کرکے مسلسل ریپ کا نشانہ بناتا رہا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سونالی رات 2 بجے سے گھبراہٹ کا شکار تھی تو اسے اسپتال کیوں نہیں لے جایا گیا اور اس کی موت کی خبر صبح 8 بجے کیوں دی گئی۔

بھائی کا کہنا ہے کہ مرنے سے ایک رات قبل بھی اداکارہ نے گھر فون کیا تھا اور وہ سہمی ہوئی تھی اور اس نے بتایا تھاکہ کھانے میں کچھ دیا گیا ہے جس سے ہاتھ پاوں سن ہو رہے ہیں اور گھبراہٹ ہو رہی ہے جس کے بعد اگلی صبح بہن کے مرنے کی اطلاع دی گئی۔

واضح رہے کہ اداکارہ 2 دن قبل گوا میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں تھیں ان کے بھائی نے بہن کی لاش کا پوسٹ مارٹم جلد کرانے اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ سونالی فوگاٹ کی بیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ کہ ان کی ماں کو انصاف اور ملزمان کا سخت سے سخت سزا ملنی چاہیئے۔

Read Comments