پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ کو’مس مارول’ سیریز میں شاندار اداکاری کے بعد کینیڈین فلم کیلئے کاسٹ کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ نمرہ بچہ فوزیہ مرزا کی فلم ‘می، مائے موم اینڈ شرمیلا’ کے نام سے آنے والی فلم میں ہیروئن کی والدہ کا کردار ادا کریں گی۔
فلم کی کہانی دو دہائیاں قبل 1999 کے دور کی ہوگی، جس میں کینیڈین نژاد لڑکی عزرہ اپنے متوفی والد کو دفنانے کے لیے کینیڈا سے پاکستان آتی ہیں اور انہیں یہاں آکر ایک الگ ہی دنیا دیکھنے کو ملتی ہے، فلم میں عزرہ کا کردار بھارتی نژاد کینیڈین اداکارہ امرت کور ادا کریں گی جب کہ نمرہ بچہ ان کی والدہ مریم کے کردار میں نظر آئینگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فلم اسی نام سے فوزیہ مرزا کے بنائے گئے تھیٹرز سے ماخوذ ہے، جس کی ہدایات وہ خود دیں گی اور بطور ہدایت کارہ ان کی یہ پہلی فلم ہوگی جس کی عکس بندی کینیڈا اور پاکستان میں کی جائے گی ۔
نمرہ بچہ نے بھی مذکورہ خبر کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے پاکستانی نژاد کینیڈین فلم ساز کی فلم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ۔