Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 اگست 2022 02:39pm

دہشت گردی کا مقدمہ: عمران خان کی 3 روز کے لیے راہداری ضمانت منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدلیہ سمیت دیگر اداروں کو دھمکی دینے کے خلاف درج ہونے والے دہشت گردی کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی3 روز کے لیے راہداری ضمانت منظورکرلی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے عمران خان کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ہم انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کریں گے۔

جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ ابھی تو پٹیشن انٹر ٹین نہیں ہوئی، اس پر اعتراض ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کیخلاف خاتون جج اور اعلیٰ پولیس افسران کو دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ان کے گھر پولیس کا گھیراؤ ہے، ایسے میں کیسے یہاں آسکتے ہیں؟

عدالت نے بائیومیٹرک تصدیق کا اعتراض دور کرتے ہوئے عمران خان کی 25 اگست تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔

عمران خان نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کردی

قبل ازیں سابق وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف گزشتہ روزدہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا لیکن درخواست گزارکا ماضی کا کوئی کرمنل ریکارڈ بھی نہیں ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرے، کیس میں شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہوں۔

رجسٹرار آفس کا عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پراعتراض

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر3 اعتراض عائد کیے گئے تھے۔

ذرائع رجسٹرار آفس کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کروایا، اعتراض کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں جانے کی بجائے ہائی کورٹ کیسے آ گئے؟ ۔

رجسٹرار آفس کی جانب سے یہ بھی اعتراض کیا گیا تھا کہ دہشت گردی کے مقدمے کی مصدقہ نقل فراہم نہیں کی گئی۔

عمران خان کی درخواست ضمانت اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر

اس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست ضمانت اعتراضات کے ساتھ آج ہی سماعت کے لیے مقرر کر لی تھی۔

گزشتہ روزسابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عمران خان کے خلاف مقدمہ ایڈیشنل سیشن جج اوراعلیٰ پولیس افسران کو دھمکیاں دینے پر مجسٹریٹ علی جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

عمران خان کی گرفتاری کا امکان

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کا امکان ہے۔

پولیس نے عمران خان کے گھر جانے والے تمام راستے سیل کردیے ہیں،بنی گالہ کے اطراف ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

پولیس اور(فرنٹیئر کور)ایف سی کے جوان عمران خان چوک پر تعینات کردیئے گئے ہیں۔

رات گئے تحریک انصاف کے سینئر رہنما پرویز خٹک، اسدعمر، راجہ خرم نواز اور مراد سعید سمیت کارکن بڑی تعداد میں عمران خان چوک پر جمع ہوگئے، پولیس اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

Read Comments