Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 اگست 2022 12:04am

فلم ‘قائداعظم زندہ باد’ تمام سرکاری افسروں کو دیکھنی چاہیئے، نبیل قریشی

سکیورٹی فورسز کے اعزاز میں فلم قائد اعظم زندہ باد کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا، جہاں فلم کی کاسٹ سمیت دیگر اداکاروں نے بھی شرکت کی ۔

کراچی کے مقامی سنیما میں عید الااضحی پر ریلیز ہونے والی فلم قائداعظم زندہ باد کی خصوصی طور پر سکیورٹی فورسز کیلئے نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔

اس موقع پر فلم میں پولیس انسپکٹر کا کردار ادا کرنے والے اداکار فہد مصطفیٰ، ہدایتکار نبیل قریشی ، پروڈیوسر فضا علی میرزا ، اداکارہ آمنہ الیاس، سمیع خان اور شائشتہ لودھی نے شرکت کی۔

آج نیوز سے گفتگو میں فلم کے ہدایتکار نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ بہت دنوں بعد کسی فلم میں قائداعظم ذکر کیا گیا ہے اور ہم نے فلم کا مقصد لوگوں تک پہنچا ہے تاہم خواہش ہے جو ہم نے فلم میں دکھایا ہے وہ سچ میں بھی ہوجائے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی کیلئے تمام فورسز کا کردار شامل ہے اس لیے نہ صرف رینجرز بلکہ پولیس اہکاروں کیلئے بھی ہم خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کرینگے کیونکہ فلم میں ایسا پیغام ہے جو تمام سرکاری افسروں اور اداروں کو دیکھنا چاہئے۔

گزشتہ روز چین کی آن لائن مارکیٹ ویب سائٹ اورلاجسٹک کمپنی ‘دراز’ اپنی ویب سائٹ پر فلم ‘قائداعظم زندہ باد’ اور’ لندن نہیں جاؤں گا’ کے پائریٹڈ ورژن صرف 20 اور 50 روپے میں پیش کررہی تھی جس نے فلم ساز نے سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی تھی۔

اس حوالے سے نبیل قریشی نے بتایا کہ ہم اس کمپنی کیخلاف قانونی کارروائی کررہے ہیں اور ہمیں اپنی عدالتوں پر پورا اعتماد ہے کہ وہ ہمارے ساتھ انصاف کریں گی ۔

یوم آزادی کے موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے اداکار فہد مصطفی کو فلم میں سندھ پولیس مثبت چہری دکھانے پر اعزازی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی ) کے خطاب سے نوازا گیا تھا۔

اس حوالے سے فلم میں انسپکٹر گلاب کا کردار ادا کرنے والے فہد مصطفی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کریئر میں اداکاروں کو ایسا اعزاز ملتے ہوئے بہت کم دیکھا ہے اس وجہ سے یہ میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، جب آج سے 10 سال بعد ہم پلٹ کر دیکھیں گے تو ہمیں لگے گا کہ ہم نے پاکستان کیلئے کچھ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ 2 ماہ کے بعد بھی ہماری فلم سنیما گھروں میں چل رہی ہے اور اصل کامیابی یہ ہے کہ لوگ آپ کی فلم کے بارے میں کیا بات کرتے ہیں۔

اس موقع پرانہوں نے سندھ پولیس اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار چوہدری کا بھی شکریہ ادا کیا ۔

اداکارہ آمنہ الیاس اور شائشتہ لودھی نے بھی سکیورٹی اہلکاروں کیلئے منعقد کی گئی خصوصی اسکریننگ کو مثبت اقدام قرار دیا۔

یاد رہے کہ’قائد اعظم زندہ باد’ کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا گیا تھا، جس میں فہد مصطفی کے ساتھ اداکارہ ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا ۔

فلم نے دو ماہ کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے ۔

ہدایتکار نبیل قریشی اور فضاعلی میرزا کے ساتھ یہ فہد مصطفی کی پانچویں فلم ہے، اس سے قبل وہ ‘نامعلوم افراد’، ‘ایکٹر ان لا’، ‘نامعلوم افراد 2’ اور ‘لوڈ ویڈنگ’ میں مرکزی کردار نبھاچکے ہیں۔

Read Comments