Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 اگست 2022 08:38pm

شاہین آفریدی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر

ایشیا کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے بری خبر آگئی۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کے مطابق میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی نے شاہین آفریدی کو چار سے چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق شاہین انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے بھی باہر ہوگئے ہیں, لیکن توقع ہے کہ وہ اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز میں واپسی کریں گے۔

شاہین سری لنکا کے خلاف پہلے گال ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران دائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ میں نے شاہین سے بات کی ہے اور وہ اس خبر سے پریشان ہیں، لیکن وہ بہادر نوجوان ہیں جنہوں نے اپنے ملک اور ٹیم کی خدمت کے لیے مضبوطی سے واپسی کا عزم کیا ہے۔

“پی سی بی کا سپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن ڈیپارٹمنٹ آنے والے ہفتوں میں کھلاڑی کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ ان کی مسابقتی کرکٹ میں محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔”

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کیلئے شاہین کے متبادل کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

Read Comments