Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 اگست 2022 08:24pm

مجھے نااہل کرکے نواز شریف کے ساتھ الیکشن کی کوشش کی جا رہی ہے: عمران خان

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا کو پاکستانی بیسز دینے سے انکار کرنا قوم کے مفاد میں تھا۔

اسلام آباد میں آزادی اظہارِ رائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ معاشرے میں اظہار رائے بہت ضروری ہے، مجھےکبھی بھی آزاد میڈیا سے خوف نہیں رہا، حقیقی آزادی کی بات اس لئےکرتا ہوں تاکہ میری قوم آزاد ہو۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں کرپشن کے خلاف آیا تھا، وزیراعظم بنا تو نیب میرے ہاتھ میں نہیں تھا کوینکہ اگر نیب میرے کنٹرول میں ہوتا تو ان لوگوں سے اربوں روپے نکلوا لیتا لیکن جب نیب کسی کو گرفتار کرتا تو گالیاں ہمیں پڑتی تھیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکا کو ملک کی بیسز دینے سے انکار اپنی قوم کے مفاد میں کیا تھا، بیسز دینا امریکا کے مفاد میں تھا، ہماری عوام کے نہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف کو پاکستان لانے کی کوشش ہے، میرا موازنہ اس سے کیا جا رہا ہے جو کبھی نہیں ہو سکتا جب کہ مجھے نا اہل کرکے نواز شریف کے ساتھ الیکشن کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے غلط جملے استعمال کیئے، انہیں ایسا نہیں کہنا چاہئے تھا، ایسے بیان پر شہباز گل کو جیل میں برہنہ کرکے تشدد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو توڑنے کی کوشش ہورہی ہے، سوشل میڈیا پر فوج مخالف ٹوئٹ کرنے والے بچوں کو اُٹھا کر ان سے زبردستی اعتراف کروایا جا رہا ہے کہ ہمیں عمران خان نے ایسے بیانات دینے کو کہا۔

عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری کے لئے نہیں ہے، بحران کا حل سیاسی استحکام میں ہے جو صرف شفاف انتخابات سے ممکن ہے کیونکہ سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام آئے گا۔

Read Comments