صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر وے ایم 5 پر المناک بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے المناک حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
عارف علوی نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حادثات سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں،حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ایسے حادثات سے بچنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
‘جلال پور پیر والا انٹر چینج پر آئل ٹینکر کا حادثہ افسوناک ہے’
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جلال پور پیر والا انٹر چینج پرہونے والا آئل ٹینکر کا حادثہ نہایت ہی افسوناک ہے، حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔
جلال پور پیر والا انٹر چینج پر ہونے والا آئل ٹینکر کا حادثہ نہایت ہی افسوناک ہے ۔ حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔ میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 16, 2022
وزیراعظم نے کہا کہ میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
‘بس اور ٹینکر کے درمیان تصادم کا سن کر بے حد افسوس ہوا’
وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے المناک بس حادثے پر اپنے بیان میں کہا کہ ملتان میں موٹروے ایم 5 پر بس اور ٹینکر کے درمیان تصادم کا سن کر بے حد افسوس ہوا، متاثرہ خاندانوں سے سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
ملتان ایم 5 پر بس اور ٹینکر کے درمیان تصادم کا سن کر بے حد افسوس ہوا،متاثرہ خاندانوں سے سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، آئی جی موٹروے سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور آئی جی موٹروے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ مسافروں اور زخمیوں کو فوران امداد فراہم کی جائے
— Maulana Asad Mahmood (@AsadMahmoodJUI) August 16, 2022
اسعد محمود نے آئی جی موٹروے پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مسافروں اور زخمیوں کو فوران امداد فراہم کی جائے۔
آصف زرداری، فضل الرحمان سمیت دیگر جماعتوں کا اظہار ہمدردی
اسپیکر راجہ پرویز اشریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزرا، سابق صدر آصف علی زرداری ،مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے بھی حادثے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔