صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ آپ ﷺ نے اپنے طرز عمل سے سبق دیا کہ بے سہارا بچوں پر اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کا سایہ ہے، بچوں بالخصوص بچیوں کی تعلیم و تربیت اس ملک کے لیے بہت ضروری ہے۔
صدر عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پر یتیم بچیوں کے ادارے کاشانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے عید کے موقع پر یتیم بچے کے سر پر ہاتھ رکھا، آپ ﷺ بچوں پر خصوصی شفقت فرماتے تھے، آپ ﷺ نے اپنے طرز عمل سے سبق دیا بے سہارا بچوں پر اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کا سایہ ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے، میں یوم آزادی کی خوشیاں یتیم بچوں کے ساتھ منانے کا خواہش مند تھا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے پُرمسرت موقع پر یتیم اور بے سہارا بچوں کے ساتھ ہیں، بچے ہمارا مستقبل ہیں اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بچیوں کی تعلیم و تربیت خصوصی اہمیت کی حامل ہے، قائدِ اعظم محمد علی جناح نے عورتوں کی برابری کی تلقین کی، کوئی بھی معاشرہ عورتوں کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، اسی طرح امیر اور غریب لوگوں کو برابر کی تعلیم ملنی چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ کردار سازی اور سچ بولنے پر توجہ دیں، دوسرے کا حق کھانا اسلام میں سختی سے ممنوع ہے، بچے، بڑوں اور اساتذہ کی عزت کریں۔
عارف علوی نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم غیبت سے پرہیز کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی قدر کریں، ہمیں آزادی آسانی سے نہیں ملی، اِس ملک کے لیے لوگوں نے بے شمار قربانیاں دیں، ہم کسی کے غلام نہیں اور نہ رہنا چاہتے ہیں، انگریزوں کی غلامی کے بعد اب کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔