حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ ملک بھر میں منایا جارہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر عارف علوی کی جانب سے پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔
صدر عارف علوی کا پیغام
صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ نواسہ رسول نے حق کی خاطر سر کٹوا دیا مگر باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا۔
یوم عاشور پر پیغام میں صدر عارف علوی نے کہا کہ ظلم و جبر پر مبنی باطل نظام کے خلاف حق اور سچائی کا علم بلند کرنا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یومِ عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے جب سیدنا امام حسین علیہ السلام کی قیادت میں جذبۂ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا، اور بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہوگئی۔
یوم عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج اسلام انہی قربانیوں کی بناء پرزندہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارا ملک نازک صورتحال سے دوچار ہے، وطن عزیز کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، ہمت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہے۔