کراچی سمیت ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔
ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام سےمنائی جارہی ہے، مختلف شہروں میں جلوسوں، مجالس اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا، جلوس ایم اے جناح روڈ، صدر ایمپریس مارکیٹ اور تبت سینٹر سے گزرے گا اور کھارادر میں حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ میں اختتام پذیرہو گا جبکہ ایم اے جناح روڈ کو کنٹینر رکھ کر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
روہڑی
سندھ کے شہر روہڑی میں نو ڈھالہ تعزیہ کا 500 سالہ تاریخی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔
لاہور
لاہور سميت پنجاب کے مختلف شہروں ميں 9محرم الحرام کے ماتمی جلوس نکالے جارہے ہيں،مجالس عزاء کا سلسلہ جاری ہے، سیکيورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہيں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور ميں 9 محرم الحرام کے سلسلے میں 378مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 79عزاداری جلوس برآمد ہوں گے۔
پانڈو اسٹريٹ اسلام پورہ سے برآمد ہونے والا مرکزی ماتمی جلوس سول سيکرٹیريٹ اور پرانی انارکلی سے ہوتا ہوا خيمہ سادات پہنچے گا اور رات کو پانڈو اسٹريٹ پہنچ کر اختتام پذير ہوگا۔
عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
مرکزی عزاداری جلوسوں کی سیف سٹی اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے900 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
شہر بھر میں نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہے جبکہ جلوس کے راستوں پر موبائل سروس بھی معطل رہے گی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہوگا۔
جلوس کے شرکاء نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین اور دیگر شہدائے کربلا کوخراج عقیدت پیش کریں گے۔
نماز ظہرین کے بعد برآمد ہونے والا مرکزی جلوس لال کوارٹر چوک، اسکول اسٹاپ، آبپارہ، میلوڈی اور دیگر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثنا عشری پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔
جگہ جگہ سبیلیں اور لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے،سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
جلوس کے راستوں کو خار دار تاریں، قناطیں اور کنٹیرز رکھ کر سیل کیا گیا ہے جبکہ سخت سیکیورٹی کے بعد عزاروں کو جلوس میں شرکت کی اجازت ہے۔
امن وامان کے پیش نظر اسلام آباد میں موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رکھی گئی ہے۔
پشاور
پشاور میں 9 محرم الحرام پر 2 بڑے جلوس برآمد ہوں گے، پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے سے برآمد ہوکر روایتی راستوں پر گامزن ہے۔
جلوس صدر روڈ جی پی او اورکالی بھاڑی سے فوارہ چوک سے ہوتا ہوا واپس حسینیہ حال پر اختتام پزیر ہوگا۔
دوسرا جلوس امام بارگاہ بی بی صاحبہ سے 4 بجے کے قریب برآمد ہوگا، جلوس تحصیل گور گٹھری، گنج چوک سے ہوتا ہوا اپنے ہی امام بار گاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
اس کے بعد شب عاشور کے 16 جلوس برآمد ہونا شروع ہوجائیں گے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنے اپنے امام بارگاہ پر نماز فجر سے پہلے اختتام پذیر ہوں گے۔
جلوسوں کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پشاور صدر کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔
سرویلنس، بی ڈی یو، ریسکیو کی ٹیموں کے ساتھ 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، جلوسوں کے گزر گاہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے سپریم کمانڈ پوسٹ سے جلوسوں کی نگرانی جاری ہے۔
پولیس کےمطابق 9 ویں اور 10 ویں محرم الحرام کو موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔
کوئٹہ
کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کا شبیہ ذوالجناح کا جلوس آج برآمد ہوگا ،شہر میں موبائل سروس بند جبکہ ڈبل سواری پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد ہے ۔
کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کے سبیہ ذولجناح کا جلوس دوپہر دو بجے میکانگی روڈ پر قائم امام بارگاہ ناالعزاء سے برآمد ہوگا ،جلوس مختصر راستے عثمان روڈ شفیع شاہ اسٹریٹ سے ہوکر دوبارہ اسی امام بارگاہ پراختتام پذیر ہوگا۔
نویں محرم الحرام کے جلوس سے قبل امام بارہ گاہ ناصر العزاء کے اطراف میں راستے اور دکانوں سیل کردیا گیا،جلوس سے قبل امام بارگاہ ناصر العزاء میں مجلسِ عزا برپا ہوگی۔
کوئٹہ میں آج اور کل موبائل سروس معطل رہے گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے ۔
سول اسپتال سمیت تمام بڑے سرکاری اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کی جاچکی ہے ۔
ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات
ملک بھر میں جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ کئی شہروں میں موبائل سروس بھی بند ہے۔