وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کو خیرات کے نام پر لئے گئے پیسے کا حساب دینا پڑے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے، انہوں نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا مگر اب یہ چوری پکڑے جانے پر معصوم بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت غیر ملکی کمپنیوں سے فنڈنگ نہیں لے سکتی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیکرٹریٹ ملازمین کے اکاؤنٹس میں پیسے منگوائے جاتے رہے، انہیں خیرات کے نام پر لئے گئے پیسےکا حساب دینا پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو روکا اور کشمیر کاسودا کیا، وہ ممنوعہ فنڈنگ کو سازشی مقاصد کے لئے استعمال کرتے رہے جنہوں نے سول نا فرمانی کے نام پر بھی عوام کو اکسانے کی کوشش کی۔
دوسری جانب مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ملک کے مختلف حصے متاثر ہیں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز حکام کو صورتحال سےآگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
لیگی نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے متاثرین کی بحالی کے لئے 5 ارب جاری کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے دوران فوجی افسران نے جام شہادت نوش کیا، سوشل میڈیا پر شہداء کے حوالے سے منفی مہم کا چلنا قابلِ مذمت عمل ہے۔