ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے دعویٰ کیا کہ انہیں کیس واپس نہ لینے کی صورت میں قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
آج نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا” میں گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ میرا مقابلہ ایک نظام سے تھا، پہلے ہی کہتا تھا فیصلہ تاریخی ہوگا جس سے موجودہ ملکی سیاست کا رُخ تبدیل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی لسٹ کے مطابق پارٹی کو فنڈز دینے والے پاکستانی نہیں ہیں، مجھےکیس واپس لینے کے لئے بہت آفرز ہوئیں جب کہ مجھ پر کیسز بھی بنائے گئے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اکبر ایس بابر نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو خط لکھ کر مطالبہ کہ پی ٹی آئی کے 4 سینٹرل سیکٹریٹ ملازمین نے پرسنل اکاؤنٹس میں پارٹی کے نام پر فنڈ اکٹھا کیا، ان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔
خط کے متن میں انہوں دعویٰ کیا کہ ملازمین کے اکاؤنٹس میں 11 ملین سے زائد کے فنڈز موصول ہوئے، ایف آئی اے پتا لگائے یہ رقم کہاں سے موصول ہوئی۔