وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کے لئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں معاملے پر وزارت قانون کی جانب سےشرکاء کو بریفنگ دی گئی، الیکشن کمیشن (ای سی پی) فیصلے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےممنوعہ فنڈنگ لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے 5 سرٹیفکیٹس جمع کرائے گئے جسے الیکشن کمیشن نے جعلی قرار دے دیا، اس ضمن میں حکومت معاملے کو عدالت لے جانے کی پابند ہے، اسی لئے حکومت نے معاملہ سپریم کورٹ بھیجنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ لینے والی جماعت ہے، معاملہ سیاسی حریف کا نہیں،آئین و قانون کا ہے، اس معاملے کی انکوائری اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کریں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ پر الیکشن کمیشن میں درخواست ن لیگ نے نہیں دی بلکہ اکبر ایس بابر معاملے کو ای سی پی لے گئے تھے جس کا فیصلہ 8 سال بعد آیا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، متاثرین کی امداد کی جا رہی ہے جب کہ حکومت کی جانب سے انتظامیہ کو متاثرین کی فوری بحالی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔