وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ ثابت ہونے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ کل کے فیصلے سے پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوگئی، یہ مقدمہ اتنا سادہ بھی نہیں ہے لہٰذا اب جیل کے راستے تحریک انصاف کے لیڈروں سے دور نہیں ہیں کیونکہ اس مقدمہ میں کرپشن سمیت تمام کرمنل دفعات لاگو ہوتی ہیں۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین اور ان کے حواریوں کو کم از کم 7 سال عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کل رات تک کہہ رہی تھی الیکشن کمیشن کے فیصلے میں ان کے خلاف کچھ نہیں، تو پھر بتائیں عدالت کیوں جا رہے ہیں اور عمران خان کب تک عدالتوں کے پیچھے چھپتے و بچتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے خلاف فیصلہ میں کچھ ثابت نہیں ہوا تو یہ لوگ الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیوں کرنے جا رہے ہیں، منی لانڈرنگ ثابت ہونے پر پی ٹی آئی بوکھلاہٹ کاشکار ہوچکی ہے۔