پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سنائے گئے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ سنانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کی۔
‘الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے جارہے ہیں’
فرخ حبیب نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کے لیے سخت مایوسی کا دن ہے، فیصلے سے قبل ہی تحفظات کا اظہار کردیا تھا، الیکشن کمیشن پر ہمارے تحفظات برقرار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیس فارن فنڈنگ کا نہیں تھا، تحریک انصاف پر کوئی پابندی نہیں لگی، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے جارہے ہیں۔
فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ لاڈلوں والاسلوک کیا گیا، الیکشن کمشنر غیر جانبدار ہیں تو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا فیصلہ کہاں ہے؟۔
‘پیپلز پارٹی اور ن لیگ کےاکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے کیوں نہیں آئیں؟’
تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام خواہشات آج دم توڑ گئی ہیں، ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا، ہم کہتے تھے فارن فنڈنگ کیس نہیں ہے۔
ملیکہ بخاری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کےاکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے کیوں نہیں آئیں؟ قانون کے مطابق تمام جماعتوں کے ساتھ برابری کا سلوک ہونا چاہیئے۔
‘16 اکاؤنٹس کا پی ٹی آئی سے براہ راست تعلق نہیں’
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عوام سے فنڈز اکھٹا کرتی ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کو فنڈنگ کی، الیکشن کمیشن سے اس فیصلے کی توقع نہیں تھی، ثابت ہوگیا کہ کیس فارن فنڈنگ کا نہیں ہے، بیگ میں ڈالر بھر کر لے جانے کا کام ہمارا نہیں بلکہ آصف زرداری کا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماء کا مزید کہنا تھا کہ کسی جماعت کو حق نہیں کہ عوام سے اپنی فنڈنگ چھپائے، 16 اکاؤنٹس کا پی ٹی آئی سے براہ راست تعلق نہیں، جن اکاؤنٹس کا پتہ ہی نہیں وہ ظاہر کیسے کرتے؟۔